ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاسرگوڈ میں شادی سےقبل، پہلے دلہن، پھر دلہا کی خودکشی

کاسرگوڈ میں شادی سےقبل، پہلے دلہن، پھر دلہا کی خودکشی

Wed, 15 Feb 2017 14:01:30    S O News Service

مینگلور 15/ فروری (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ  کاسرگوڈ میں پہلے دلہن نے خودکشی کی، پھر دلہا نے بھی پھانسی لے کر خودکشی کرلی، یہ واردات کاسرگوڈ کے چلی انگوڈ میں بدھ کی صبح پیش آئی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کاسرگوڈ کے چندرشیکھر کی شادی مینگلور،ناگوری کی نندیتا سے مورخہ 13 فروری کو طے تھی کہ شادی سے کچھ روز قبل ہی نندیتا نے اپنےہی مکان کی چھت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ بتایا گیا تھا کہ جس وقت نندیتا نے خودکشی کی اُس وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا۔ گھروالوں نے بتایا تھا کہ خودکشی سے قبل نندیتا اور چندرشیکھر کے درمیان فون پر کافی طویل بات چیت ہوئی تھی جس کے فوری بعد اُس نے یہ قدم اُٹھایا، اس تعلق سے مینگلور کے کنکناڈی پولس تھانہ میں شکایت درج کی گئی تھی۔ مگر اب کاسرگوڈ سے خبر موصول ہوئی ہے کہ چندرشیکھر نے بھی پھانسی پر لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔

کاسرگوڈ سے ملی اطلاع کے مطابق چندرشیکھر(38) جو کاسرگوڈ بس اسٹائنڈ پر فروٹ کی دکان سنبھالتا تھا،  منگل رات کو چمناڈ جانے کے نام پر گھرسے نکلا تھا، پھر اُس کی واپسی نہیں ہوئی، جب گھروالوں نے اس سے موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو فون ریسیو نہیں کررہا تھا۔ آج صبح اس کی لاش چلی انگوڈ جنکشن کے ایک ہورڈنگ سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ راہگیروں نے اسے لٹکتا ہوا دیکھ کر پولس کو خبر کی، جس کے بعد پتہ چلا کہ یہ چندرشیکھر کی لاش ہے۔ بعد میں اطلاع ملتے ہی گھروالوں نے بھی متعلقہ مقام پر پہنچ کر لاش کی شناخت کی۔

لاش کو فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس تعلق سے بیکل پولس نے معاملہ درج کرتے ہوئے چھان بین شروع کردی ہے۔


Share: